ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ناراض اراکین اسمبلی کو بورڈز اور کارپوریشنوں میں عہدے 

ناراض اراکین اسمبلی کو بورڈز اور کارپوریشنوں میں عہدے 

Wed, 22 Jun 2016 11:19:03  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔21؍جون(ایس او نیوز/عبد الحلیم منصور)ریاستی کابینہ میں ردوبدل کے بعد حکمران کانگریس میں پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے کیلئے بغاوت پر اترنے والے 20 سے زائد سینئر اراکین اسمبلی کواہم بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمین بنانے پر غور کیاجارہاہے۔ کابینہ میں ردوبدل کے موقع پر وزارت کی دعویداری کرنے والے سینئر اراکین اسمبلی کے علاوہ دیگر موقع نہ ملنے پر انہیں بورڈز کارپوریشنوں کا عہدہ دینے کے ذریعہ مطمئن کرنے کی کوشش کی جانے والی ہے۔ گزشتہ مرتبہ 95 سے زائد بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں کا تقرر عمل میں آیا تھا، جس میں کسی رکن اسمبلی کوموقع فراہم نہیں کیاگیا تھا۔ اسی وقت وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو موقع فراہم کرنے کی پہل کی تھی، مگر پارٹی قیادت نے وفادار کارکنوں کو موقع فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب کابینہ میں ردوبدل کے بعد جو بغاوت دیکھنے میں آرہی ہے اسے دور کرنے کیلئے وزارت سے محروم اراکین اسمبلی کو بورڈز اور کارپوریشنوں میں اہم عہدے دئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کابینہ میں ردوبدل کے بعد نہ صرف ریاستی قیادت بلکہ اعلیٰ کمان پر بھی چند لوگ برہمی کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ جس کے تحت مایوس اراکین اسمبلی کو ہاؤزنگ ، بورڈ، سلم کلینرس بورڈ، دیوراج ارس بیک ورڈ کلاس ، کے ایس آر ٹی سی ، بی ایم ٹی سی ، کیونکس ، بی ڈی اے ، واٹر بورڈ، کے آئی اے ڈی بی اور ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سمیت اہم بورڈ اور کارپوریشنوں میں عہدے فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ایس ٹی سوم شیکھر ، منی رتنا ، بائرتی بسوراج، ایم ٹی بی ناگراج ، آر وی دیوراج، مالکیا گتے دار، وسنت بنگیرا ، کے وینکٹیش ، نریندرا سوامی، کے این راجنا ، ڈی سدھاکر ، این وائی گوپال کرشنا سمیت ، کئی اراکین اسمبلی سے بورڈز اور کارپوریشنوں کے عہدے فراہم کئے جائیں گے۔ موجودہ بورڈز اور کارپوریشن چیرمینوں کی میعاد 18ماہ مقرر کی گئی تھی۔ سیاسی حالات کے پیش نظر اس میں تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی، جو اگست میں مکمل ہونے والی ہے۔ جہاں پر ناراض اراکین اسمبلی کو موقع فراہم کیا جانے والا ہے۔ 


Share: